ہائی کمان کی سخت برہمی ، چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد فیصلہ کا امکان
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) ۔کانگریس ہائی کمان کی جانب سے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کے خلاف کارروائی کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مخالف پارٹی سرگرمیوں اور بیانات کے سلسلہ میں ہائی کمان نے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کے علاوہ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کونڈا سریکھا کی دختر سشمیتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر سنگین الزامات عائد کئے جبکہ ڈاکٹر چنا ریڈی نے ٹکٹ سے محرومی کے مسئلہ پر ہائی کمان کو نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے رپورٹ طلب کی گئی اور ہائی کمان نے دونوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پارٹی میں ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے ۔ چیف منسٹر کی 23 اگست کو لندن سے واپسی کے بعد کابینہ سے برطرفی کیلئے ریاستی گورنر سے سفارش کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کے ڈھائی سال بعد ناراض سرگرمیوں نے ہائی کمان کیلئے الجھن پیدا کردی ہے ۔ ونپرتی کے رکن اسمبلی میگھا ریڈی نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر چنا ریڈی کے مخالف ہائی کمان بیانات سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ مخالف پارٹی سرگرمیوں کی صورت میں پارٹی کارکنوں تک سخت پیام پہنچانے کیلئے ہائی کمان نے دونوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کونڈا سریکھا کو کابینہ سے برطرف کیا جاسکتا ہے جبکہ ڈاکٹر چنا ریڈی کو پارٹی سے معطل کئے جانے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد ہائی کمان انہیں فیصلہ سے واقف کرائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے دونوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ روانہ کی ہے۔ ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی نے بھی کونڈا سریکھا اور چنا ریڈی کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کی۔ 1/k/m/b