کونڈا سریکھا کو کابینہ سے برطرف کرنے کانگریس کے 20 ارکان مقننہ کا مطالبہ

   

لیجسلیچر پارٹی کا ہنگامی اجلاس، کونڈا سشمیتا کے مخالف ریونت ریڈی بیان کی مذمت، ہائی کمان سے نمائندگی
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی دختر کونڈا سشمیتا کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے کا معاملہ اس وقت سنگین نوعیت اختیار کر گیا جب کانگریس کے 20 ارکان اسمبلی و کونسل نے مخالف پارٹی سرگرمیوں کے سلسلہ میں کونڈا سریکھا کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی و کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 20 ارکان شریک ہوئے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنمنٹ وہپ ڈی وینکٹ اور دیگر ارکان نے کانگریس ہائی کمان سے اپیل کی کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ ارکان نے وزیر جنگلات کے استدلال کو مسترد کردیا کہ دختر کے بیان سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور سشمیتا کی شخصی رائے ہے۔ ارکان نے کہا کہ اگر کونڈا سریکھا کا اپنی دختر کے بیان سے واقعی تعلق نہیں ہے تو انہیں بیان کی مذمت کرنی چاہئے تھی۔ کانگریس ارکان مقننہ نے کہا کہ کونڈا سریکھا اور ان کے افراد خاندان کے بیانات سے ہمیشہ پارٹی کو نقصان ہوا ہے۔ کانگریس حکومت کو ان کے بیانات کا خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے ، لہذا پارٹی ہائی کمان کو فوری کارروائی کرنی چاہئے ۔ ارکان نے کہا کہ ریونت ریڈی اور ان کے بھائیوں نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے میں اہم رول ادا کیا ہے، لہذا چیف منسٹر کے خلاف اس طرح کھل کر بیان بازی مناسب نہیں۔ اگر کوئی شکایت ہے تو اسے سی ایل پی اور پی سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے۔ ارکان ا سمبلی نے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کو ریاستی کابینہ اور کانگریس پارٹی سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ 20 ارکان اسمبلی کی جانب سے چیف وہپ پی وینکٹ اور اسمبلی میں چیف وہپ بی ایلیا نے میڈیا سے بات چیت کی۔ انہوں نے ڈسپلن کمیٹی کی جانب سے نوٹس کے جواب میں کونڈا سریکھا کی وضاحت کو ناقابل قبول قرار دیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے اپنی دختر کے بیان کی مذمت تک نہیں کی ۔ ارکان اسمبلی کا کہنا ہے تھا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بیان دینے والوں کو پارٹی میں برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں 15 ارکان اسمبلی اور 5 ا رکان کونسل نے شرکت کی اور اکثریتی رائے سے کونڈا سریکھا کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ کونڈا فیملی کی عادت بن چکی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً پارٹی اور پارٹی قائدین کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں وی ویریشم ، بی ایلیا ، آر پرکاش ریڈی ، بالو نائک ، ومشی کرشنا ، منوہر ریڈی ، مدھو سدن ریڈی ، راجیندر ریڈی ، جی ست نارائنا ، کے ناگ راجو ، راجیش ریڈی ، وی شنکر ، کے انیل کمار ریڈی ، جئے ویر ریڈی ، لکشما ریڈی ، وی بجو، ایم سیمویل اور بسوا راج ساریا شامل ہیں۔1/k/m/b