کوکٹ پلی اور دیگر علاقوں میں تاجروںکا رضاکارانہ لاک ڈاؤن

   

کوروناکیسیس میں اضافہ پر ایک ہفتہ کیلئے دکانات بندرکھنے کا فیصلہ

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مختلف علاقوں کے تاجرین نے رضاکارانہ طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاروبار بند کرلئے ہیں۔ کوکٹ پلی ، سردار پٹیل نگر اور اطراف کے دیگر علاقوں کے تاجرین نے کورونا کے پھیلاؤ کو روانہ کیلئے رضاکارانہ طور پر کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریباً ایک ہفتہ تک علاقہ میں تمام کاروبار بند رہیں گے ۔ اطراف کی بعض کالونیوں کے تاجرین نے بھی رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سردار پٹیل نگر کالونی میں کورونا کے 10 کیسیس منظر عام پر آئے ہیں۔ کیسیس کی تعداد میں مزید اضافہ کے خوف سے تاجرین نے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں تاجرین کی جانب سے رضاکارانہ لاک ڈاؤن جاری ہے ۔ حالیہ عرصہ میں حیدرآباد کے تمام بڑے مارکٹس میں تاجرین نے 15 دنوں تک کاروبار کو بند رکھا تھا۔