کوکین کی اسمگلنگ ، دو تاجرین گرفتار

   

حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کے انفورسمنٹ عملے نے دو تاجرین کو کوکین کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ ایکسائیز سپرنٹنڈنٹ مسٹر این انجی ریڈی نے کہا کہ ترملگری کے علاقہ سرسوتی نگر میں ایک کار کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس میں 54 گرام کوکین پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دو تاجرین ترن جوتی سنگھ اور امیت کمار ساکن پنجہ گٹہ نے چہرہ کے ماسک کا کاروبار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بین ریاستی پولیس پاس حاصل کیا اور اس کی آڑ میں وہ کوکین کا کاروبار کررہے تھے۔آبکاری عہدیداروں نے بتایا کہ ترن جوتی سنگھ الیکٹرانک اشیاء کا شوروم چلاتا ہے جبکہ امیت کمار ملک پیٹ علاقہ میں میان پاور کنسلٹنسی چلاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوویڈ 19- کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران دونوں نے بین ریاستی پولیس پاس حاصل کرتے ہوئے بنگلور پہنچ کر وہاں سے 70 گرام کوکین ایک نائجیریائی باشندہ سے حاصل کیا اور بعد ازاں اسے شہر منتقل کرتے ہوئے خواہشمند گاہکوں کو فروخت کرنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ فیس ماسک کاروبار کے بہانے دونوں نے کوکین کا کاروبار کرنے کا منصوبہ بنایا۔ انفورسمنٹ حکام نے گرفتار تاجرین کے قبضہ سے 54 گرام منشیات اور اس کی اسمگلنگ میں استعمال کی جانے والی کار بھی ضبط کرلی۔