کوہلی دورۂ جنوبی افریقہ پر وائٹ بال سیریز سے دستبردار

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ان فارم بیٹر ویراٹ کوہلی جو 2023 کے ونڈے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور انہیں پلیئر آف دی ٹورنمنٹ قرار دیا گیا تھا اب وہ وائٹ بال کرکٹ سے وقفہ لے رہے ہیں لیکن وہ جنوبی افریقہ کے آئندہ دورے پر دو ٹسٹ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 35 سالہ کوہلی نے بی سی سی آئی کو بتایا کہ وہ جنوبی افریقہ کے دورے پر سفید گیند کے میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، جس کا آغاز تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا، جس کے بعد تین ونڈے میچز ہوں گے۔ اس دورے کا اختتام بالترتیب سینچورین اورکیپ ٹاؤن میں باکسنگ ڈے اور نئے سال کے ٹسٹ کے ساتھ ہوگا جس میں کوہلی نظرآئیں گے۔ انہوں نے (کوہلی) بی سی سی آئی اور سلیکٹرز کو مطلع کیا ہے کہ انہیں وائٹ بال کرکٹ سے وقفے کی ضرورت ہے اور وہ ان سے اس بارے میں بات کرئیں گے کہ وہ اگلی وائٹ بال کرکٹ کب کھیلنا چاہتے ہیں۔ اس وقت انہوں نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ وہ ریڈ بال کرکٹ کھیلیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے دو ٹسٹ میچوں کے لیے دستیاب ہیں۔ کوہلی نے اپنے گھر پرون ڈے ورلڈکپ شاندار کھیلا، انہوں نے 11 اننگز میں 765 رنز بنائے، جس میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں اور ایک بیٹر کے ذریعہ سب سے زیادہ ونڈے سنچریوں کے لیے لیجنڈری سچن تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ورلڈ کپ سے پہلے کوہلی اور روہت شرما کو ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ونڈے میچوں سے وقفہ دیا گیا تھا، دونوں کی راجکوٹ میں سیریز کے آخری کھیل کے لیے واپسی ہوئی تھی۔