کوہلی ناکام،دھونی کی سست نصف سنچری ،ہندوستان کو شکست

   

سڈنی۔12جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نائب کپتان روہت شرما کی ناٹ آؤٹ سنچری (133) کی شاندار اننگز بھی ہندستان کو آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں کامیابی نہیں دلا سکی اور مہمان ٹیم34 رنز سے شکست سے دوچار ہوئی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگکرتے ہوئے مقررہ50 اوروں میں پانچ وکٹ پر 288 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ہندستانی ٹیم مقررہ اووروں میں نو وکٹ کھوکر 254 رنز ہی بناسکی۔ ا س شکست کے ساتھ ہی ہندستان تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہوگئی ہے ۔ ہندستانی اننگز میں صرف دو ہی بیٹسمینوں روہت اورسابق کپتان مہندرسنگھ دھونی نے اپنی بہتر کارکردگی پیش کی اورانکے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 137 رنز کی پارٹنر شپ بھی بنی لیکن یہ کارکردگی بھی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہیں کرسکی۔ روہت نے 133 رنز بنائے اور اس دوران انہوں نے اپنے کرئیر کی 22 ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے سابق کپتان سورو گنگولی کی سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرلیا ہے اور اب وہ سچن تنڈولکر (49 ) اور ویراٹ کوہلی (38 ) کے بعد تیسرے مقام پر آگئے ہیں۔ مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر مہیندر سنگھ دھونی نے51 رنز بنائے ۔ شکھر دھون اور رائیڈو صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ 9 میں سے 6 بیٹسمین دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے ۔ 289 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ 4 کے مجموعی اسکور پر 3 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے تھے جس میں ویراٹ کوہلی 3 رنز بناکر شامل تھے۔ روہت نے اپنی اننگز کے دوران 129 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 10 چوکے اور 6چھکے شامل ہیں۔آسٹریلیا کیلئے رچرڈسن کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورس میں 26 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور انہیں میان آف دی میچ قراردیا گیا۔قبل ازیں آسٹریلیا نے عثمان خواجہ (59 )،شان مارش(54) اورہنڈس کومپ (73 ) کی نصف سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے جس میں آخری 10 اوورس میں 93 رنز بھی شامل ہیں۔