کوہلی نے اسپنرس کیلئے سازگار وکٹ کے رول کو مسترد کردیا

   


چینائی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف یہاں رنوں کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی کے بعد چیپک کی اسپنرس کیلئے سازگار وکٹ کا کامیابی میں اہم کردار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے اپنی صلاحیتوں اور بہتر حکمت عملی کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے ٹسٹ میں کامیابی صرف وکٹ کے مرہون منت نہیں بلکہ متعدد کھلاڑیوں نے اس کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ کوہلی نے کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ اسپنرس کیلئے سازگار ہونے کے کردار کو مسترد کرنے کے علاوہ اپنی ٹیم کے چند کھلاڑیوں کی اس کامیابی میں اہم رول کی ستائش کی۔ کوہلی نے کہا کہ ہم نے وکٹ کی ٹرن اور اچھال سے پریشان ہونے کے بجائے صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے تقریباً 600 رنز اسکور کئے اور ہم جانتے تھے کہ ہمارے بولروں میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ حریف ٹیم کو دو مرتبہ آؤٹ کرسکتے ہیں۔ کوہلی نے کہا کہ اگر آپ ہماری دوسری اننگز دیکھے تو ہم نے یہاں 300 کے قریب رنز اسکور کئے ہیں جس کے بعد صرف ٹاس اور وکٹ کے برتاؤ کو کامیابی کیلئے اہم قرار دینا صحیح نہیں ہوگا۔ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے گھریلو میدانوں پر 21 ٹسٹ مقابلوں کی کامیابی حاصل کی ہے۔ کوہلی نے مقابلہ کے دوران بہتر مظاہرہ کرنے والے رشپھ پنت کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین وکٹوں کے پیچھے اپنی صلاحیتوں کو فروغ دے رہے ہیں۔