نئی دہلی ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی جن کے بیٹ نے اتنے رنز اگلے کہ دنیائے کرکٹ کے بڑے بولرز بھی پریشان ہوکر رہ گئے۔ تاہم اب ان کا بیٹ ایسا خاموش ہوا کہ جیسے رنز بنانا بھول گیا ہو۔غیرملکی کھلاڑی اور کمنٹیٹرز ویرات کوہلی کی انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے تاہم اب ان کے بیٹ کی خاموشی کے باعث سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا سامنا ہے، تاہم کوہلی کے مداحوں کو امید ہے کہ اسٹار بیٹر جلد اپنی پرانی فارم بحال کرلیں گے۔2008ء میں ڈیبیو کرنے والے ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک 70 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 23 نومبر 2019 میں بنگلادیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں آخری سنچری اسکور کی تھی اور اب ہزار دنوں سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے ۔ سابق کرکٹرز نے کوہلی کو ٹیم سے باہر کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا جس کے بعد کوہلی کو زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے دورے میں شامل نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ 27 اگست سے میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے کوہلی کو ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔