کوہلی کا آخری دو ٹیسٹ میچوں سے دستبرداری کا امکان

   

نئی دہلی: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف متوقع چار میچوں کی سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچوں میں ٹیم سے دستبردار ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ جنوری میں باپ بننے والے ہیں۔ کوہلی کی ٹیم سے رخصت ہونے کے بعد لوکیش راہل ہندستانی ٹیم میں مڈل آرڈر میں جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔ کوہلی کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما جنوری میں ماں بننے والی ہیں۔اگرچہ ابھی تک کوہلی کے منصوبے کے متعلق باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا ہے لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ کوہلی 17 دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ کھیلیں گے جبکہ اپنے بچے کی ولادت کے پیش نظر کوہلی پدرانہ رخصت (پیٹرنیٹی لئیو) لے سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ہمیشہ مانا ہے کہ کنبہ اولین ترجیح ہے ۔ اس معاملے میں اگر کپتان پدرانہ رخصت لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ صرف پہلے دو ٹیسٹ میں دستیاب ہوں گے ۔ چار ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز ایڈیلیڈ (دن اور رات ، 17 سے 21 دسمبر) ، میلبورن (26 تا 30 دسمبر) ، سڈنی (7 سے 11 جنوری 2021) اور برسبین (15 سے 19 جنوری) میں منعقد ہوگی۔ بی سی سی آئی نے گذشتہ برسوں میں کرکٹرز کو پدرانہ رخصت لینے کی آزادی دی ہے اور یہ ہندوستان کے کپتان اور بہترین بلے باز کے لئے بھی دستیاب ہوگی۔ذرایع نے بتایا کہ وہ عام حالات میں بچے کی پیدائش کے بعد واپس آسکتے تھے اور ایسی صورت میں وہ صرف ایک ٹیسٹ کے لئے ٹیم سے باہر ہوتے ۔ تاہم کوویڈ 19 کی وجہ سے 14 روزہ قرنطین کے دوران دوبارہ ٹیم میں واپسی مشکل ہوگی۔ ایسی صورتحال میں لوکیش راہل کو مڈل آرڈر میں موقع مل سکتا ہے ۔ امکان ہے کہ روہت شرما ٹیسٹ سیریز سے قبل پوری طرح فٹ ہوجائیں ۔ ٹیم میں اوپنرز کی حیثیت سے مینک اگروال اور پرتھوی شا موجود ہیں ، لہذا ٹیم مڈل آرڈر میں کوہلی کی کمی کو محسوس نہیں کرے گی۔بی سی سی آئی 11 نومبر کو روہت کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر بھی بھیج سکتا ہے ۔ ممبئی انڈینز کے میدان میں اترنے کے بعد روہت کی فٹنس سے متعلق بی سی سی آئی کی امیدیں بڑھ گئیں۔ محدود اوورز میں ہندوستان کے نائب کپتان 11 نومبر کو باقی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیائی پرواز کے لئے چارٹرڈ فلائٹ پر جاسکتے ہیں۔