کوہیر بلدیہ میں ’’وارڈ گرام سبھاؤں‘‘کا انعقاد

   

کوہیر ۔4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم اشوک بلدیہ کوہیر صدر نشین کی صدارت میں کوہیر بلدیہ کے تحت وارڈ نمبر 1، 6، 8، اور 9 میں مقامی راعیتو ویدیکا’ کے احاطے میں وارڈ میٹنگس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر عبدالحنان جاوید نائب صدر نشین نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاسوں کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر عوامی مسائل کو سمجھنا اور شہر کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا تھا۔اجلاس کے دوران مقامی ترقیاتی کاموں، شہری سہولیات کی بہتری، صاف صفائی کے ناقص انتظامات کو درست کرنے، پینے کے صاف پانی کی باقاعدہ فراہمی، اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت جیسے اہم ترین عوامی موضوعات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس کے دوران وارڈ کے مکینوں نے بلا جھجک اپنے مسائل حکام کے سامنے رکھے اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنی قیمتی تجاویز اور آراء پیش کیں۔ اجلاس میں موجود عہدیداروں نے عوامی شکایات کو غور سے سنا اور ان کے فوری طورپر حل کرنے کا تیقن دیے ۔ اس موقع پر سی ششی دھر مونسپل کمشنر ،محمد شمشیر علی کانگریس پارٹی ٹاؤن صدر متعلقہ وارڈوں کے کونسلرس اور مختلف عوامی نمائندوں اور شہر کے معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں پروگرام میں شرکت کی۔