کویتی سفیر کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات

   

اسلام آباد : پاکستان میں تعینات کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دوبارہ انتخاب پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سمیت کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امیر کویت کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نومبر 2023 میں دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب امریکی ڈالر مالیت کے سات معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں غذائی تحفظ، ٹیکنالوجی، ہائیڈل پاور، کان کنی اور معدنیات، پانی کی فراہمی اور مینگروو کی بحالی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔شہباز شریف نے معاہدوں پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے دونوں طرف سے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔