کویت کے شیخ ناصر صباح الصباح کا انتقال

,

   

کویت سٹی ۔ کویت کے مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کے فرزند شیخ ناصر صباح الصباح کا آج انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 72 سال تھی ۔ انہوں نے مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دی تھیں ۔ وہ وزیر دفاع ‘ نائب وزیر اعظم کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے تھے اور ولیعہدی کے مضبوط دعویداروں میں شامل تھے ۔ ماہ ستمبر میں ان کے والد 91 سالہ شیخ صباح الاحمد الصباح کا انتقال ہوگیا تھا ۔ شیخ ناصر صباح الصباح ملک میںاصلاحات کے معماروں میں شمار کئے جاتے تھے اور ان کے کئی بڑے اور اصلاحی پراجیکٹس و انسداد کرپشن کی کوششوں کو عوام کی زبردست تائید حاصل تھی ۔ ولیعہدی کیلئے وہ اپنے چچا شیخ مشعل الحمد الجابر الصباح کے ساتھ دعویدار تھے ۔ شیخ ناصر نے کویت کی معیشت کو ہمہ جہتی شکل دینے کی مسلسل کوشش کی تھی جبکہ ملک کی معیشت کا سارا دار و مدار تیل پر ہے ۔ انہوں نے مختلف دوسرے شعبہ جات کو متحرک و سرگرم کرنے کئی اقدامات کئے تھے ۔