کھمم کانگریس کا روایتی قلعہ: رینوکا چودھری

   

ناما ناگیشور راؤ سے عوام ناراض، کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور کھمم لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کی امیدوار رینوکا چودھری نے دعویٰ کیا کہ کھمم لوک سبھا حلقہ سے ان کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ کھمم روایتی طور پر کانگریس کا قلعہ ہے ۔ رینوکا چودھری نے انتباہ دیا کہ حلقہ میں ٹی آر ایس کی سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم سے راتوں رات ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ٹکٹ حاصل کرنے والے ناما ناگیشور راؤ کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہے ۔ کانگریس کے بعض ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہا کہ بعض افراد کے پارٹی چھوڑ دینے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ کانگریس اپنے کارکنوں کے سبب مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تلگو دیشم اور کانگریس کا کیڈر ابھی بھی اپنی پارٹیوں کے ساتھ ہے۔ رینوکا چودھری نے کہا کہ ناما ناگیشور راؤ کو ووٹ دینا کھمم کی ترقی کو نظر انداز کرنا ہے ۔ کھمم کے کسانوں کے ساتھ کے سی آر نے دھوکہ کیا ہے ۔ رینوکا چودھری جو کھمم لوک سبھا حلقہ کی سابق میں نمائندگی کرچکی ہے، انہوں نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینئر قائدین ان کے ساتھ مہم میں شامل ہیں۔