کھیلوگے کودو گے تو بنوگے نوابسعودی النصر کلب کے رونالڈو کی سالانہ تنخواہ 1770 کروڑ روپئے

   

سیاست فیچر
پہلے اکثر کہا جاتا تھا:
کھیلیں گے کودیں گے تو ہوں گے خراب
پڑھیں گے لکھیں گے تو بنوگے نواب
یعنی پہلے تعلیم اور پھر سرکاری ملازمتوں کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی تھی لیکن آج کے دور میں معاملہ بالکل اس کے برعکس ہوگیا ہے۔ تعلیم سے زیادہ کھیل کود کو اہمیت دی جارہی ہے اور سرکاری ملازمتوں پر بزنس یا کاروبار قابل ترجیح ہوگئے ہیں۔ آج کل وہی کامیاب ہورہے ہیں جو کھیل کود کے میدان میں غیرمعمولی مہارت اور صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر حال ہی میں چھوٹے سے خلیجی ملک قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس پر 229 ارب ڈالرس خرچ کئے گئے۔ فٹبال کے اس عالمی ٹورنمنٹ میں 32 ملکوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی خاص بات ان کی سالانہ آمدنی ہے۔ عام دولت مند تو دور بڑے بڑے صنعت کار بھی اس آمدنی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ مثال کے طور پر فیفا ورلڈ کپ کے بعد پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈ نے سعودی عرب کے النصر کلب (Al-Nassr Club) میںشمولیت اختیار کی اور ان کی سالانہ تنخواہ1770 کروڑ روپئے مقرر کی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ اس سعودی کلب نے رونالڈو کی ماہانہ تنخواہ 147.5 کروڑ روپئے مقرر کی ہے یعنی کرسٹیانو رونالڈ یومیہ 4.916 کروڑ روپئے تنخواہ پارہے ہیں جبکہ 4 کروڑ روپئے ماہانہ بڑی سے بڑی کمپنی کا اعلیٰ عہدیدار بھی حاصل نہیں کرسکتا۔ رونالڈو کا شمار فٹبال کے افسانوی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ رونالڈو حالیہ عرصہ تک مانچسٹر یونائٹیڈ کیلئے کھیلا کرتے تھے، لیکن ایک ٹی وی چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کلب کے انتظامیہ پر شدید تنقید کی جس کے بعد انہیں ٹیم سے برطرف کردیا گیا۔ رونالڈو نے سعودی کلب کے ساتھ 2025ء تک معاہدہ کیا یعنی وہ تین برسوں میں النصر کلب سے 5310 کروڑ روپئے بطور تنخواہ حاصل کریں گے۔ ایک ایسا بھی مرحلہ آیا تھا جب رونالڈو کو ایک اور سعودی کلب الاھلی نے سالانہ 3000 کروڑ روپئے تنخواہ کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے یہ کہتے ہوئے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا کہ وہ مانچسٹر یونائٹیڈکے ساتھ خوش ہیں، جس کی انہوں نے 346 میچس میں نمائندگی کرتے ہوئے 145 گول کئے۔ فوربس کے مطابق 2022ء میں جن کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ تنخواہیں رہیں۔ ان میں کائیلیان موباپے 128 ملین ڈالرس، (پیرس سینٹ ۔ جرمین) بارسلونا کلب کے لیونل میسی (120 ملین ڈالرس)، کرسٹیانو رونالڈو (مانچسٹر یونائٹیڈ) 100 ملین ڈالرس، نیمار (پیرس سینٹ ۔ جرمن) ، 87 ملین ڈالرس ، لیورپول کے محمد صلاح، 53 ملین ڈالرس، ایرلنگ ہالانڈ (مانچسٹر سٹی)، 39 ملین ڈالرس، بارسلونا کلب کے رابرٹ لاوانڈوسکی 35 ملین ڈالرس، رئیل میڈریڈ کے ایلڈن ہزارڈ 31 ملین ڈالرس، ویزل کو بے کے اینڈریس، انیسٹا، 30 ملین ڈالرس، مانچسٹرسٹی کے کیوپن بریو نے 29 ملین ڈالرس جیسے دس کھلاڑی شامل ہیں۔ 30 سالہ محمد صلاح کا پورا نام محمد صلاح حامد محروس غالی ہے اور وہ فارورڈ پوزیشن پر کھیلتے ہیں اور ان کا تعلق مصر سے ہے، وہ جب بھی گول کرتے ہیں، گراؤنڈ میں ہی بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہوجاتے ہیں۔ یوروپین فٹبال کلبس میں اور قومی ٹیموں میں شاندار بلکہ یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مسلم کھلاڑیوں میں رئیل میڈرڈ کے کریم مصطفی بنسیز (یہ فرانس کے ایک پیشہ ورانہ فٹبالر ہیں اور اسپین کلب رئیل میڈرڈ اور فرانس کی قومی ٹیم کے ساتھ کھیلتے رہے۔ اسی طرح ریاض مہرض (مانچسٹر سٹی) کے کھلاڑی ہیں اور الجیریائی قومی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کیلئے کھیلنے والے پال پوگبا بھی ایک راسخ العقیدہ مسلم کھلاڑی ہیں اور فرانس کی قومی ٹیم میں شامل رہے۔ فرینک رائبیری، سابق فرانسیسی پروفیشنل فٹبالر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ دامن اسلام میں پناہ لینے کے بعد ان کی زندگی میں کافی استحکام آیا اور وہ ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط ہوئے۔وہ شراب سے سخت نفرت کرتے ہیں۔ ایک اور کھلاڑی ساڈیومین ہیں جو لیورپول ایف سی کیلئے کھیلتے ہیں، وہ سینیگال کے ایک پیشہ ورانہ فٹبالر ہیں اور سینیگال کی قومی ٹیم کیلئے بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ پنجوقتہ نمازی ہیں اور اپنی زندگی میں دین اسلام کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے والد خود سینیگال کی ایک مسجد کے امام ہیں۔ عمر ے خان جرمن کے ایک پیشہ ورانہ فٹبالر ہیں۔ وہ Borrusia Dortmud اور جرمنی کی قومی ٹیم کیلئے سنٹرل مڈ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں۔ اس فہرست میں ایک اور کھلاڑی Granit Xhaka بھی ہیں جو سوئٹزرلینڈ کے ایک پیشہ ورانہ فٹبال کھلاڑی ہیں اور آرسنل کیلئے مڈ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں۔ اسی طرح مسعود عزل جرمن پروفیشنل فٹبالر ہیں جو آرسنل کیلئے مڈ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلتے رہے۔ اب وہ استنبول کی Basakehri کیلئے کھیلتے ہیں۔ ایڈن زیکو بھی ایک اہم مسلم فٹبالر ہیں اور بوسنیائی پروفیشنل فٹبالر ہیں۔ وہ بوسنیا ہرزیگوینا کی قومی ٹیم اور SerieA کلب کیلئے کھیلتے ہیں۔