حیدرآباد۔20۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے 11ماہ کے دور اقتدار میں وجئے اتسو منانے جیسا کیا ہے جس کے لئے حکومت تلنگانہ جشن منارہی ہے!رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے حکومت کی جانب سے منائے جانے والے ایک ماہ طویل جشن کو بے فیض قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمزور لوگ جو کچھ کر نہیں سکتے وہ محض ڈینگیں مار کر خوش ہوتے ہیں اور نااہل دوسروں کی توہین کرتے ہوئے تسکین حاصل کرتے ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی اس مقام پر پہنچنے کے لئے کئی لوگوں کو کچل کر آگے آئے ہیں اور ان کی جانب سے باربار سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر کی جانے والی تنقیدوں کے نتیجہ میں کے سی آر کا قد چھوٹا نہیں ہوگا بلکہ تلنگانہ عوام کو ریونت کے کردار کا پتہ چل رہا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 11ماہ میں تلنگانہ کی ترقی کو تنزلی میں تبدیل کردیا ہے ۔ سابق ریاستی وزیر نے کہا کہ کے سی آر کا نام لیتے ہوئے ریونت ریڈی اپنی ناکامیوں کو نہیں چھپا سکتے۔ انہو ںنے کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچنے کے لئے اپنے پارٹی قائدین کے بعد اب تلنگانہ عوام کے جذبات اور احساسات کے علاوہ خوابوں کو کچلنے کا کام ریونت ریڈی کر رہے ہیں۔ مسٹر ہریش راؤ نے استفسار کیا کہ آخر ریونت ریڈی کس کامیابی کا جشن منا رہے ہیں!11ماہ کے دوران تلنگانہ عوام کو اشوک نگر تا لاگی چرلہ ‘ کسانوں سے لمباڑوں تک حکومت کی ناکامیوں کی مثالیں موجودہیں اور حکومت 11ماہ کا جشن منا رہی ہے۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر کی تقریری صلاحیتوں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کی تقاریر سے تلنگانہ یا تلنگانہ کے عوام کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا ۔ انہو ںنے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ عوام کانگریس کے دور میں ہونے والے ریاست کو نقصانا ت کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور عوام میں 11ماہ کے دوران جو ناراضگی پیدا ہوئی ہے اس کی کوئی نظیر نہیںملتی ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور بھارت راشٹرسمیتی قائدین بالخصوص سربراہ بی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف نازیبا ریمارکس کا استعمال کرتے ہوئے اپنی بقاء کی کوشش میں ہے جبکہ اپوزیشن ذمہ داری کے ساتھ حکومت کی ناکامیوں کو منظر عام پر لاتے ہوئے حکومت کے مظالم کا شکار عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے اور عوام کے مفادات کے تحفظ کی کوشش کر رہی ہے۔3