کیرالا میں سی اے اے کیخلاف آج 620 کیلومیٹر طویل انسانی زنجیر

,

   

٭ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ایونٹ میں 60 تا 70 لاکھ افراد حصہ لینے کا امکان
٭ چیف منسٹر کیرالا وجین احتجاج میں شامل ہونگے، اپوزیشن یو ڈی ایف کی شمولیت بھی متوقع
٭ کولکاتا میں بھی مخالف سی اے اے 11 کیلومیٹر طویل انسانی زنجیر کی تشکیل

تھرواننتاپورم ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اتوار کو جہاں ملک اپنا 71 واں یوم جمہوریہ منارہا ہوگا، وہیں کیرالا میں سی پی آئی (ایم) زیرقیادت لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی سرپرستی میں ریاست گیر انسانی چین کی شکل میں غیرمعمولی احتجاج دیکھنے میں آئے گا، جس کا مقصد متنازعہ شہریت ترمیمی قانون سے دستبرداری کا مطالبہ ہے۔ ایل ڈی ایف نے 620 کیلومیٹر طویل انسانی زنجیر کا شمالی کیرالا میں کساراگوڈ سے ریاست کے دور افتادہ جنوبی حصہ میں کالی یکاویلائی تک اہتمام کیا ہے اور اس میں تقریباً 60 تا 70 لاکھ افراد حصہ لینے کی توقع ہے۔ کیرالا جیسی طویل تو نہیں مگر 11 کیلومیٹر کی انسانی زنجیر یوم جمہوریہ پر ہی کولکاتا میں سی اے اے کیخلاف بنائی جائے گی۔ تھرواننتاپورم کی اطلاع کے مطابق کیرالا میں انسانی زنجیر سہ پہر 4 بجے تشکیل دی جائے گی جس کے بعد دستورِ ہند کا دیباچہ پڑھا جائے گا۔ برسراقتدار فرنٹ کے تمام قائدین ریاست کے مختلف حصوں میں زنجیر کا حصہ بنیں گے۔ چیف منسٹر پی وجین دارالحکومت تھرواننتاپورم میں احتجاج میں شامل ہوں گے۔ ایل ڈی ایف کنوینر اے وجئے راگھون نے کہا کہ ہم دستور کا دیباچہ پڑھیں گے اور پھر دستور کے تحفظ کا عہد کریں گے۔ کولکاتا میں آرگنائزرس ’یونائیٹیڈ انٹرفید فاؤنڈیشن انڈیا‘ (مغربی بنگال میں مختلف مذہبی برادریوں کے قائدین پر مشتمل بین مذہبی گروپ) نے ہفتہ کو کہا کہ مختلف برادریوں سے سینکڑوں افراد انسانی زنجیر کا حصہ بننے کا امکان ہے، جو شہر کے شمال سے جنوب تک تشکیل دی جائے گی۔ یوم جمہوریہ پر اس احتجاج کا مقصد اتحاد کو برقرار رکھنا اور دستور کا تحفظ کرنا ہے۔ شمالی کولکاتا میں شیام بازار سے انسانی زنجیر شہر کے جنوبی حصے میں گول پارک تک دوپہر میں 10 منٹ کیلئے تشکیل دی جائے گی۔ جنرل سکریٹری یو آئی ایف آئی ستنام اہلوالیا نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ہم نے یوم جمہوریہ پر انسانی زنجیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم یہ پیام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، بودھ، جین سب ایک ہیں۔ ہر کوئی ہندوستانی شہری کی حیثیت سے متحد ہے اور ہم کسی کو بھی ہمارے درمیان نااتفاقی کے بیج بونے نہیں دیں گے۔تھرواننتاپورم میں سینئر سی پی آئی (ایم) لیڈر ایس رامچندرن پلائے انسانی زنجیر کا پہلا ربط کساراگوڈ میں ہوں گے، جبکہ ایم اے بے بی کالی یکاویلائی میں آخری جوڑ بنیں گے۔ وجئے راگھون نے کہا کہ ریاست میں زندگی کے تمام شعبوں کی ممتاز شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ہمیں یو ڈی ایف قائدین سے بھی توقع ہے کہ وہ دستور کے تحفظ کیلئے اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ لیفٹ فرنٹ مخالف سی اے اے احتجاج میں پیش پیش رہا ہے۔ ایل ڈی ایف اور کانگریس زیرقیادت اپوزیشن یو ڈی ایف (یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ) قبل ازیں اس قانون کے خلاف مشترکہ طور پر احتجاج کرچکے ہیں۔