کیرالا میں ممنوعہ پی ایف آئی کے مشتبہ کارکنوںکے ٹھکانوں پر این آئی اے کے دھاوے

,

   

تروننتا پورم :قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے ملک میں ممنوعہ قرار دی گئی پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے مشتبہ قائدین کے 58 ٹھکانوں پر آج دھاوے کئے ہیں۔ یہ دھاوے کیرالا میں جاری ہیں۔ این آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق، پی ایف آئی کے لیڈر کسی اور نام سے پی ایف آئی کو کھڑا کرنے کی کوشش کررہے تھے جس کو لے کر کارروائی کی گئی ہے۔عہدیداروں کے مطابق، این آئی اے کے یہ چھاپے علی الصبح چار بجے سے شروع ہوئے جو لگاتار جاری ہیں۔ کیرالا کے ایرناکولم میں ممنوعہ پی ایف آئی کے قائدین سے جڑے 8 مقامات پر کارروائی ہورہی ہے۔ ترواننتا پورم میں 6 جگہوں پر دھاوے جاری ہیں۔ اس کے علاوہ، کئی مقامات پر این آئی اے کی ٹیم کارروائی میں مصروف ہے۔PFI کی تشکیل سال 2006 میں کیرالہ میں کی گئی تھی، جس نے سال 2009 میں ایک سیاسی محاذ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا بھی بنایا تھا۔ کیرالہ میں قائم ہونے والی بنیاد پرست تنظیم نے آہستہ آہستہ ملک کے مختلف حصوں میں اپنا کیمپ پھیلا دیا۔اس سال ستمبر کے مہینے میں ہی پی ایف آئی اور اس سے متعلقہ جماعتوں پر امتناع عائد کردیا گیا تھا۔ دراصل، پی ایف آئی کئی سالوں سے سرگرم رہی ہے۔ اس کا خاص اثر کیرالا اور تمل ناڈو میں دیکھنے کو ملا۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس تنظیم سے جڑے اور ملک مخالف سرگرمیوں میں شامل ہوئے۔ این آئی اے نے نومبر میں کیرالا میں ممنوعہ پی ایف آئی کے تین ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کی سازش رچنے کی کوشش کے معاملے میں کارروائی کی گئی ہے۔