کیرالا میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے مساجد کمیٹیاں متحرک

   

جمعہ کو پولنگ کے پیش نظر اوقات نماز میںمعمولی تبدیلی اور محدود سرگرمی کا فیصلہ
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) کیرالا میں بی جے پی کو کیوں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوتی اس بات کا اندازہ کیرالا کے مسلمانوں کے ووٹ کی اہمیت سے لگایا جاسکتا ہے جو اپنے جمہوری فریضہ کی ادائیگی کیلئے مذہبی فریضہ کے وقت کو معمولی گنجائش کے مطابق تبدیل کرنے تیار ہوجاتے ہیں ۔ جمہوری حق کی ادائیگی میں مذہبی فریضہ رکاوٹ نہ بنے اس کیلئے کیرالا میں مسلمانوں کی تنظیموں نے جمعہ کو رائے دہی کے پیش نظر نماز جمعہ کے اوقات میں تبدیلی کرکے اسے محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کیرالا میں جہاں 26 اپریل جمعہ رائے دہی ہونے جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جمعہ کے پیش نظر مسلم علاقوں میں رائے دہی کم ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے مسلم تنظیموں نے آپسی مشاورت کے بعد جمعہ کے اوقات میں معمولی تبدیلی کے علاوہ وقت کو بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کیرالا میں نماز جمعہ سے قبل ملیالی زبان میں تقریر ‘ عربی خطبہ اور نماز کیلئے زائد از ایک گھنٹہ لگا کرتا ہے اور 12:45 سے 1:30 بجے کے درمیان یہ عمل مکمل کیا جاتا ہے اور اس کیلئے درکار 45منٹ کو کم کرکے پالائم جماعت کمیٹی ذمہ داروں نے فیصلہ کیا کہ مسلمانوں کو جمہوری حق کے استعمال کا موقع فراہم کرنے مذہبی فریضہ کیلئے وقت کو محدودکیا جائے تاکہ مسلمان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔ تھرواننتاپورم جماعت کمیٹی ذمہ داروں نے بتایا کہ 45 منٹ سے ایک گھنٹے اس عمل کو کم وقت میں بھی مکمل کیا جاسکتا ہے تاکہ رائے دہی میں حصہ لینے میں کسی کو تکلیف نہ ہو۔حاجی شیخ زبیب صدر جماعت کمیٹی نے بتایا کہ مشاورت کے بعد زیادہ سے زیادہ پولنگ کو یقینی بنانے اس میں شہریوں کا تعاون درکار ہے۔انہو ںنے بتایا کہ جمعہ ہونے سے ووٹنگ فیصد میں کمی کے خدشہ کے تحت اس اقدام کے بعد امید ہے کہ مسلم ووٹرس ووٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ووٹ ڈالنے میں کی کوتاہی نہیں کریں گے۔ کئی سرکردہ شخصیتوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کے استعمال میں غفلت نہ کریں تاکہ فرقہ پرستی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ملک میں فرقہ پرستوں کی نفرتوں کے خاتمہ کیلئے ضروری کہ مسلمان اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔3