تھرواننتاپورم : کیرالا پولیس نے چھ فلسطینی حامی طلباء کو کوزی کوڈ کے قریب اسٹار بکس اسٹور پر بائیکاٹ کا پوسٹر چسپاں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ بعد میں کوزی کوڈ ضلع کے فاروق کالج کے طلباء کو دو ضمانتیں پیش کرنے پر پولیس اسٹیشن سے رہا کردیا گیا ۔ پولیس نے طلباء کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 448 ، 153 ( فساد بھڑکانے کے ارادے سے اشتعال انگیزی کرنا ) 427 اور 34 ( ایکٹ ) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے ثبوت کے طور پر اس کار کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے ۔ جس میں طلباء نے سفر کیا تھا ۔ میڈیا کے مطابق کوزی کوڈ پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطالبق یہ واقعہ 4 جنوری کی شام پیش آیا تھا ۔ طلبا پر الزام ہے کہ انہوں نے اسٹار بکس اسٹور کے دروازے پر فلسطین کی حمایت میں پوسٹر لگائے تھے ۔ طلباء کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد غزہ میں نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانا تھا اشتعال انگیزی کرنا نہیں تھا ۔ طلباء نے بتایا کہ ابتداء میں پوسٹرز لگانے سے کسی نے ہمیں نہیں روکا ۔ انہوں نے پولیس کارروائی کو غیر ضروری قرار دیا ۔