کیرالا کے کئی اضلاع میں شدید بارش‘ زمین کھسکنے کے واقعات ‘7 افراد ہلاک

,

   

تین بچے بھی شامل ۔ پانی میں بہنے ‘ مکانات منہدم ہونے اور دیوار گرنے سے اموات ۔ آٹھ اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ

تھرواننتاپورم ۔ یکم اگسٹ ( ایجنسیز ) کیرالا میں کل رات سے جاری شدید بارش زمین کھسکنے کے واقعات میںکم از کم سات افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بارش سے متعلق حادثات میں چند افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ ایڈوکی اور کوٹائم ضلعوں میں زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آئے ۔ اس کے علاوہ پٹنم تھٹا ‘ وائناڈ اور ملاپورم میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوجانے کی بھی اطلاع ہے ۔ کوٹائم ضلع میں پونجار کے مقام پر ایک میں بیٹا اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ زمین کھسکنے کے واقعہ میں ان کا مکان منہدم ہوگیا ۔ راجینا نامی خاتون اور اس کے 24 سالہ بیٹے جوزفائن کی اس واقعہ میں موت ہوگئی جبکہ لڑکے کا والد بال بال بچ گیا ۔ اسی طرح ملاپورم میں عبدالحمید اور نادرہ نامی جوڑے کا چار سالہ لڑکا آدم کنال کے پانی میں غرق ہوگیا بجکہ تین سالہ عبداللہ مہین بھی اسی ضلع میں وانڈور کے مقام پر پانی میں غرق ہوگیا ۔ کوٹائم ضلع میں پوتھو پلی کے مقام پر ایک 11 سالہ لڑکا پانی میں ڈوب جانے کی اطلاع ہے ۔ ایڈوکی ضلع میں ایک خاتون کی زمین کھسکنے کے واقعہ میں موت ہوگئی جبکہ اسی ضلع میں ایک اور شخص دیوار گرنے سے ہلاک ہوگیا ہے ۔ تھرواننتا پورم میں ساحل موتھلاپوزہی پرا یک کشتی غرقاب ہوگئی جس کے بعد دو مچھیرے لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ کوسٹ گارڈ کی جانب سے ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔علاوہ ازیں وائناڈ کے کئی علاقوں میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے بعد یہاں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا ۔ کوزی کوڈ کے پہاڑی علاقوں میں بھی زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ۔ رنی اور جوزن چیری علاقوں میں کئی افراد آبادی میں پانی جمع ہوجانے کے نتیجہ میں گھروں میں قید ہوگئے ہیں۔ انہیں کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات کو منتقل کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے آٹھ اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔