کیشو راؤ اور بی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کی آج کانگریس میں شمولیت

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی آر ایس کے عوامی نمائندوں اور قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ تکو گوڑہ میں کل 6 اپریل کو جلسہ عام میں قومی قائدین کی موجودگی میں بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور 4 ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ کی دختر وجیہ لکشمی جو حیدرآباد کی میئر ہیں، کانگریس میں پہلے ہی شمولیت اختیار کرچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے نے کیشو راؤ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جلسہ عام میں شمولیت اختیارکریں۔ ملکارجن کھرگے اور ڈاکٹر کیشو راؤ آپس میں قریبی دوست ہیں۔ لہذا قومی قائدین کی موجودگی میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے 2 بی آر ایس ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کھمم اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے 2 ارکان اسمبلی بھی جلسہ عام میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چاروں ارکان اسمبلی نے حالیہ عرصہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ۔ ریونت ریڈی نے انہیں جلسہ عام تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ اطلاعات کے مطابق بی آر ایس کے دو سابق وزراء نے بھی کانگریس میں شمولیت کا اشارہ دیا ہے ۔ بی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی کڈیم سری ہری اور ڈی ناگیندر پہلے ہی کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔1