ٹورنٹو: کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ اب مستقل رہائش رکھنے والے افراد کے لیے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔منگل کی رات ٹوئٹر پر کینیڈین فوج کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’اگر آپ مستقل رہائشی ہیں تو ہم آپ کے ساتھ کام کرکے آپ کے لیے صحیح کریئر کا انتخاب کرکے آپ کی رہنمائی کرنا چاہیں گے تاکہ آپ بھی ملک کی خدمت کر سکیں۔‘اسی حوالے سے جاری ایک علیحدہ بیان میں کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کی ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔کینیڈا کی وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس ’امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ‘ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہیں وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔