کینیڈا میں ہندوستانی طالبعلم کا گولی مار کر قتل

   

ٹورنٹو : کینیڈا کے ایڈمونٹن میں جمعہ 6 دسمبرکو ایک اپارٹمنٹ کے اندر 20 سالہ ہندوستانی طالب علم ہرشدیپ سنگھ کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ کینیڈا کی پولیس نے ہفتہ 7 دسمبر کو بتایا کہ دو ملزمین اوان رین اور جوڈتھ سالٹو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ہرشدیپ سنگھ جو ایک سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہا تھا پر یہ حملہ جمعہ کی رات کیا گیا۔ مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تین افراد ہرشدیپ کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ہراسانی کے بعد وہ اسے سیڑھیوں سے نیچے دھکیلتے ہیں اور پھر ان میں سے ایک پیچھے سے اسے گولی مار دیتا ہے۔ گولی مارنے کے بعد تینوں ملزمین موقع سے فرار ہو گئے۔ پیر 9 دسمبر کو نعش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ قتل کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آ ئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کچھ روز قبل بھی کینیڈا کے اونٹاریو کے سرنیا شہر میں 22 سالہ ہندوستانی طالب علم کو قتل کر دیا گیا تھا جس طالب علم کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا تھا اس کا نام گرسیس سنگھ تھا۔ واقعہ کے بعد سرنیا پولیس نے بتایا تھا کہ مقتول گرسیس سنگھ لیمٹن کالج میں بزنس کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ پولیس نے 36 سالہ کراسلی ہنٹر پر دوسرے درجہ کی قتل کا الزام لگایا تھا۔ مقتول اور مبینہ ملزم ایک ساتھ ایک ہی کمرہ میں رہتے تھے ۔رسوئی میں دونوں کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہو گیا۔ جھگڑے کے بعد ملزم نے گرسیس سنگھ پر کئی بار چاقو سے وار کیا جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔