کے سی آر آج سے 10 مئی تک 17 دن بس یاترا کریں گے

   

مریال گوڑہ سے آغاز ، سدی پیٹ میں اختتام ہوگا ، پارٹی کی جانب سے انتظامات مکمل

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر چہارشنبہ سے 10 مئی تک ریاست میں 17 دنوں تک بس یاترا کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ کم از کم دو سے تین اسمبلی حلقوں کا بس یاترا کے ذریعہ احاطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مریال گوڑہ سے یاترا کا آغاز ہوگا اور سدی پیٹ میں منعقدہ جلسہ عام سے اختتام ہوگا ۔ پارٹی کے قائدین مختلف اسمبلی حلقوں پر بس یاترا کرنے کی پارٹی قیادت پر دباؤ بنا رہے ہیں ۔ تاہم وقت کی کمی اور دھوپ کی شدت کو دیکھتے ہوئے صرف چند اسمبلی حلقوں میں ہی بس یاترا کرنے کا شیڈول تیار کیا گیا ہے ۔ پارٹی امیدواروں کی کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کے سی آر کے بس یاترا پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے ۔ بس یاترا کے لیے پارٹی کی جانب سے تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں ۔ بس یاترا میں کے سی آر سے ملاقات کے لیے عوام کی بھاری تعداد میں پہونچنے کا اندیشہ کرتے ہوئے بس یاترا میں بھگڈر جیسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے 100 سے زائد والینٹرس کا تقرر کیا گیا جو صبح شام کے سی آر کی بس یاترا کے ساتھ رہیں گے ۔ ان والینٹرس کو تلنگانہ بھون میں خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے ۔ صدر بی آر ایس کے سی آر پہلے دن چہارشنبہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون پہونچے گے ۔ مجسمہ تلنگانہ تلی کو گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔ اس کے بعد پارٹی قائدین سے ملاقات کریں گے بعد ازاں دوپہر ایک بجے پہلے روڈ شو میں حصہ لینے کے لیے ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ کو روانہ ہوں گے ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 24 اپریل سے 10 مئی جملہ 17 دن کی بس یاترا کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اسمبلی انتخابات میں شکست اس کے بعد اتفاقی حادثہ میں زخمی ہوجانے والے کے سی آر نے گھر اور فارم ہاوز پر زیادہ تر آرام کیا چند دن قبل فصلوں کے خشک ہوجانے پر متحدہ اضلاع نلگنڈہ ، ورنگل ، کریم نگر کا دورہ کرتے ہوئے فصلوں کا معائنہ کیا ۔ اس کے علاوہ نلگنڈہ ، کریم نگر اور چیوڑلہ میں جلسہ عام سے بھی خطاب کیا۔ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے مسلسل 17 دن پارٹی کیڈر کے درمیان رہنے کارنر میٹنگس اور جلسہ عام کے ذریعہ عوام سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ موسم گرما کے پیش نظر دن کے 11 بجے سے قبل کے سی آر کی کسانوں ، خواتین ، اقلیتوں ، نوجوانوں ، ایس سی ، ایس ٹی طبقات سے ملاقات کا پروگرام تیار کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد بس یاترا کریں گے ۔۔ 2