کے سی آر اقتدار کے بھوکے ، ناکام چیف منسٹر : ریونت ریڈی

   

پانی جگن موہن ریڈی ‘ فنڈز میگھا کرشنا ریڈی اور ملازمتیں کے سی آر کے خاندان لے گئے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے سی آر کو اقتدار کا بھوکا ناکام چیف منسٹر قرار دیا اور کہا کہ و وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ مستقبل میں بھگوان بننے کی خواہش کا اظہار کرسکتے ہیں ۔ پرگی میں ’ اپنا گاؤں اپنی جدوجہد جلسہ سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، سابق ایم پی انجن کمار یادو ، سابق وزیر جی چنا ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پانی ، ملازمتیں اور فنڈز کو موضوع بنا کر تلنگانہ کی تحریک چلائی گئی ۔ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دیا ۔ مگر پانی پڑوسی چیف منسٹر جگن موہن ریڈی لے جا رہے ہیں ۔ فنڈز میگھا کرشنا ریڈی لوٹ رہے ہیں جبکہ ملازمتیں کے سی آر کے ارکان خاندان کو حاصل ہوگئیں ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرکے نئی ریاست تشکیل پاتے ہی خود چیف منسٹر بن گئے ۔ اب ملک کا وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ کے سی آر کی نشے میں کی جانے والی باتوں پر عوام کو بھروسہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ ٹی آر ایس حکومت سے مطمئن نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کسانوں کو دھان کی کاشت نہ کرنے کا مشورہ دے رہے جب کہ خود اپنے فارم ہاوز میں دھان کی کاشت کررہے ہیں ۔ اگر کسانوں سے دھان نہیں خریدا گیا تو یادگار شہیداں کے پاس کے سی آر کو پھانسی دینے تیار ہوجانے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 8 سال سے چیف منسٹر کے سی آر نے سنہرے تلنگانہ کے نام پر ریاست کو کنگال بنا دیا ۔ متحدہ ضلع رنگاریڈی کو کنڈا رنگاریڈی ، ایم چناریڈی ، مانک راؤ ، دیویندر گوڑ نے ترقی دی ۔ جب کہ پرگی کے رکن اسمبلی نے ضلع کو دبوچ لیا ہے ۔ چیلماں ( سبیتا اندرا ریڈی ) کو ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا ۔ ترقی کے لیے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا دعویٰ کرنے والی چیلماں چیوڑلہ کی ترقی کیلئے کیوں سوال نہیں کررہی ہیں ۔ علاقہ کیلئے راج شیکھر ریڈی نے پرانہیتا چیوڑلہ لایا تھا جب کہ کرن کمار ریڈی نے پالمور رنگاریڈی کا جی او جاری کیا تھا ۔ پرانہیتا پراجکٹ چیوڑلہ پہونچنے سے کے سی آر نے روکا ہے ۔ن