کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کیخلاف کل اندرا پارک پر دھرنا

   

تلنگانہ تلگو دیشم کا اعلان، کے سی آر خاندان پر من مانی کا الزام

حیدرآباد ۔3۔ مارچ (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خاندان قوانین کے تحفظ کے بجائے ان کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ جی او نمبر 111 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے ٹی آر نے تالاب کے قریب عالیشان فارم ہاؤز تعمیر کرلیا۔ تلگو دیشم پارٹی کے قائد این نرسا ریڈی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاست میں چیف منسٹر کے سی آر کا خاندان تمام سیٹلمنٹس میں ملوث ہے۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اجازت کے بغیر گیسٹ ہاؤز تعمیر کیا ہے۔ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ آیا کے ٹی آر کو بلا اجازت غیر قانونی طور پر تعمیر کا اختیار کس نے دیا۔ انہوں نے کے سی آر خاندان پر الزامات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ نرسا ریڈی نے کہا کہ خود کو بے قصور ثابت کرنے کیلئے کے ٹی آر کو تحقیقات کا سامنا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاؤز میں غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ہے۔ انہوں نے اس معاملہ میں عام شہریوں کی طرح کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تلگو دیشم پارٹی نے کے سی آر حکومت کی ناکامیوں اور انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تساہل کے خلاف پانچ مارچ کو اندرا پارک پر دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر ایل رمنا کی قیادت میں تمام سینئر قائدین اور ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکرس حصہ لیں گے۔ نرسا ریڈی نے کہا کہ عوام سے مختلف وعدے کرتے ہوئے دو مرتبہ ووٹ حاصل کئے گئے ۔ اقتدار کے 6 ماہ مکمل ہوگئے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ زرعی شعبے ، نوجوانوں اور طلبہ کے ساتھ کئی وعدے کئے گئے تھے ۔ کسانوں کے قرض معافی کا آج تک آغاز نہیں ہوا۔ طلبہ اور نوجوانوں نے تلنگانہ تحریک میں اس امید کے ساتھ حصہ لیا تھا کہ نئی ریاست میں انہیں روزگار حاصل ہوگا۔ تلنگانہ کی تحریک پانی ، وسائل اور روزگار کے لئے چلائی گئی تھی۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کا وعدہ کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کامیابی کا خواب دیکھا جارہا ہے ۔ شہری علاقوں میں غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کا وعدہ کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ 6 برسوں میں شامل کئے گئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تفصیلات عوام میں جاری کی جائیں۔ تلگو دیشم قائد نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے رائے دہندے باشعور ہیں اور کے سی آر کو وعدوں کا شکار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کیڈر مستحکم ہے اور ہر ضلع میں پارٹی کو مزید طاقتور بنانے کی مساعی جاری ہے۔