حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے نے عوامی دولت کا غبن کرنے والے کے سی آر کے ارکان خاندان کے بشمول بی آر ایس قائدین کے پاسپورٹس ضبط کرلینے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر ملک سے فرار ہوجانے کا خطرہ ہونے کا سنسنی خیز ریمارکس کیا ہے۔ کریم نگر میں آج منعقدہ بی جے پی پارٹی کے قائدین و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے پارٹی کیڈر کو لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں تیسری مرتبہ نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت تشکیل پائے گی۔ بی جے پی کو ملک بھر میں 350 سے زائد لوک سبھا حلقوں میں کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کا خاندان اور بی آر ایس کے دوسرے قائدین پوری طرح بدعنوانیوں میں غرق ہوچکے تھے۔ عوام کے اثاثہ جات کو لوٹ لیا گیا ہے۔ انہوں نے ان کی بدعنوانیوں کی تحقیقات کرانے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ ان کے خلاف کارروائی کرنے پر بھی زور دیا۔ اس سے قبل کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا کہ پہلے وہ کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کے علاوہ بی آر ایس کے دوسرے قائدین کے پاسپورٹس ضبط کرلیں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر آفس میں خدمات انجام دینے والے مشیروں اور عہدیداروں کے دولت و اثاثہ جات کی بھی تحقیقات کروائیں۔ ان کے بھی پاسپورٹ ضبط کرلیں۔ فی الحال کے سی آر کی صحت ناساز ہے۔ باقی تمام لوگوں کے پاسپورٹس کو فوری اثر کے ساتھ ضبط کرلینے کا مطالبہ کیا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی تلنگانہ میں چونکا دینے والا مظاہرہ کرے گی۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے چار حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 8 حلقوں پر کامیابی حاصل کی اور 19 اسمبلی حلقوں پر دوسرے نمبر پر رہی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے ووٹ تناسب میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ن