ریونت ریڈی کا الزام، مرکز کیخلاف لڑائی کا اعلان کرنے والے سیلاب کے مسئلہ پر نمائندگی سے قاصر
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نئی دہلی میں گذشتہ تین دنوں سے اپنی قیامگاہ تک محدود ہوچکے ہیں اور وہ اپنے پارٹی ارکان اسمبلی کو بھی ملاقات کا وقت نہیں دے رہے ہیں۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے دہلی میں قیام کے ذریعہ سیلاب کے امدادی کاموں کا فنڈز حاصل کرنے میں ناکامی کا کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تین دن سے دہلی میں ہیں اور انہوں نے فنڈز کیلئے وزیر اعظم پر دباؤ بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنی قیامگاہ تک محدود ہوچکے ہیں اور پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔ کے سی آر نے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء سے ملاقات کا وقت نہیں مانگا ہے۔ ریونت ریڈی نے سیلاب کے امدادی کاموں کیلئے فنڈز کی اجرائی میں تلنگانہ کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ نریندر مودی صرف گجرات کے وزیر اعظم دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی اور دیگر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ سے دھوکہ دہی کی ہے۔ر
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی دہلی آمد کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہوا اور انہوں نے وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے ملاقات تک نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکز کے خلاف لڑائی کی بات کرنے والے کے سی آر دہلی پہنچ کر خاموش ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ خیال ہے کہ اپنی بدعنوانیوں کو بچانے کیلئے دہلی میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ناراض رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی سے متعلق سوال پر ریونت ریڈی نے کہا کہ اس بارے میں پارٹی ہائی کمان فیصلہ کرے گا۔ یہ پارٹی کا داخلی معاملہ ہے لہذا وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ر