کے سی آر سال سالگرہ ، صدر، نائب صدر، وزیراعظم کی مبارکباد

   

حیدرآباد۔ 17 فروری (پی ٹی آئی) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر اور ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں ٹیلیفون پر مبارکباد دی۔ آندھرا پردیش و تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے بھی کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے درازی عمر اور مکمل صحت و تندرستی کے ساتھ ریاست تلنگانہ اور اس کے عوام کی خدمت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ این ایس ایس کے مطابق مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اور آندھرا پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگن موہن ریڈی نے بھی کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ چیف منسٹر نے اپنی سالگرہ پر مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ نے 14 فروری کو اپنی پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ان کی سالگرہ کا جشن نہ منائیں کیونکہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جیش محمد کے دہشت گرد کے خودکش بمبار حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت پر سارے ملک میں سوگ منایا جارہا ہے۔ کے سی آر کے فرزند اور ان کی پارٹی کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے بہت پہلے ہی اپنی پارٹی کے کارکنوں کو اور خیر خواہوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اشتہار بازی یا جشن منانے کے بجائے شجرکاری کریں۔