کے سی آر نے نوٹس کا جواب دینے الیکشن کمیشن سے ایک ہفتہ کی مہلت مانگی

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو نوٹس کا جواب دینے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کرنے پر سابق چیف منسٹر کے سی آر کو نوٹس جاری کی گئی ۔ کے سی آر نے کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت داخل کرنے ایک ہفتہ کی مہلت مانگی ہے۔ وکاس راج نے کہا کہ مختلف وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے ایک ہفتہ کی مہلت مانگی ہے۔ کے سی آر نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مکتوب روانہ کیا جس کی نقل چیف الیکٹورل آفیسر کو روانہ کی گئی۔ الیکٹورل آفیسر نے بھی یہ مکتوب الیکشن کمیشن کو روانہ کردیا ہے اور قطعی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن کی 6 اپریل کو شکایت پر کے سی آر کو نوٹس جاری کی گئی ۔ اسی دوران وکاس راج نے کہا کہ حیدرآباد سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی جانب سے رام نومی جلوس کے دوران مسجد کو نشانہ بناتے ہوئے تیر چلانے سے متعلق متنازعہ ویڈیو پر تاحال کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی کسی جانب سے شکایت ملے گی تو ہم اس کا جائزہ لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ 1