جدوجہد سے حاصل کی گئی ریاست پر ڈکٹیٹر شپ چلانے بی جے پی رکن اسمبلی کا الزام
حیدرآباد 5 نومبر ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ جمہوریت کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں کہ ملک میں ابتری پیدا ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی حالات تلنگانہ میں بھی موجود ہیں اور اس پر کے سی آر کو توجہ دینی چاہئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجندر نے تنقید کی کہ چیف منسٹر کے سی آر کے اقتدار میں جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ لاکھوں افراد کی شرکت اور ہزاروں افراد کی قربانیوں سے تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنی جدوجہد سے حاصل کی گئی ریاست پر کے سی آر ڈکٹیٹر کی طرح حکومت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے الزامات میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کس طرح سے دیانتدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے اقتدار میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کا احترام کیا کرتی تھی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ دوسری پارٹیوں سے منتخب ہونے والے افراد کو کس طرح سے ٹی آر ایس حکومت میں وزارتیں دی جاسکتی ہیں ؟ ۔ کیا یہی جمہوریت ہے ؟ ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ درست نہیں ہے کہ تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد میڈیا پر کئی پابندیاں عائد کردی گئی تھیں ؟ ۔ کچھ میڈیا میں کے سی آر کی مرضی کے پروگرامس پیش کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے عوام کی فلاح و بہبود کی اسکیمات محض اپنے ووٹ بینک کیلئے شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ میں بی جے پی امیدوار کے راجگوپال ریڈی کو کامیابی ملے گی اور کے سی آر کو شکست کا منہ دیکھنا پڑیگا۔