کے سی آر کا چیرلہ پلی جیل جانا طئے ہے : ریونت ریڈی

   

تلنگانہ میں بی آر ایس کو دفن کردیا گیا ، اب بی جے پی کو دھول چٹائی جائے گی ، جلسہ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ایک جذباتی تقریر میںکہا کہ ریاست میں کانگریس کے جیالے سپاہیوں نے بی آر ایس کو دفن کردیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو دھول چٹائی جائے گی ۔ تلنگانہ کو کنگال کرنے والے سابق چیف منسٹر کے سی آر اضلاع کے دورے کرکے ڈرامہ بازی کررہے ہیں ۔ انہیں بہت جلد چیرلہ پلی جیل بھیج دیا جائے گا اور ان کیلئے جیل میں ڈبل بیڈ روم مکان تعمیر کیا جائے گا ۔ تکوگوڑہ میں کانگریس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اضلاع کے دورے کرکے کے سی آر میرے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال کررہے ہیں وہ جانا ریڈی نہیں ریونت ریڈی ہیں ۔ کے سی آر کو معاف نہیں کریں گے ۔ کپڑے نکال کر کے سی آر کی پٹائی کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس مقام پر جلسہ میں سونیا گاندھی نے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کا منشور جاری کیا تھا ۔ آج ملک کیلئے راہول گاندھی نے اسی مقام سے قومی منشور جاری کیا ہے ۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے 100 دن میں تقریبا تمام وعدوں کی تکمیل کی ہے ۔ اس کارکردگی کی بنیاد پر ہم لوک سبھا انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرکے مرکز میں کانگریس کی حکومت تشکیل دینے میں اہم رول ادا کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم نے کچھ دن صبر کیا ہے ۔ مگر ہڈی ٹوٹ جانے والے کے سی آر لکڑی پکڑ کر عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں ۔ بیٹی جیل میں ہونے کا بہانہ کرکے عوام سے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کو ختم کردیا گیا اب مرکز میں بی جے پی کو ختم کرنا ہے ۔ملک بھر میں 4 ہزار کلو میٹر تک پدیاترا کرنے والے راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کا وقت آگیا ہے ۔ لوک سبھا کے انتخابات دو خاندانوں کی لڑائی ہے ۔ ایک خاندان کی مودی قیادت کررہے ہیں ۔ دوسرے خاندان کی گاندھی خاندان قیادت کررہے ہیں ۔ مودی کے خاندان میں الکٹرانک وویٹنگ مشین ، سی بی آئی ، ای ڈی ، انکم ٹیکس ہے جب کہ کانگریس خاندان میں شہید اندرا گاندھی ، شہید راجیو گاندھی کے علاوہ راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور کانگریس کے سپاہی ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم مودی کے خاندان سے ٹکر لیں گے اور الکٹرانک ووٹنگ مشین کو شکست دیتے ہوئے دیش اور دستور کو بچائیں گے ۔ اس لڑائی میں تلنگانہ کے عوام کانگریس اور راہول گاندھی کے ساتھ ہیں ۔ 2