کے سی آر کی دہلی میں مرکزی وزیر شہری ہوا بازی سے ملاقات

   


تلنگانہ میں 6 ڈومیسٹک ایرپورٹس قائم کرنے چیف منسٹر کی نمائندگی

حیدرآباد : چیف منسٹر کے سی آر نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں 6 نئے ڈومیسٹک ایرپورٹس قائم کرنے کی نمائندگی کی۔ چیف منسٹر تلنگانہ تین روزہ دہلی دورہ پر کل رانہ ہوئے۔ آج انہوں نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی سے ملاقات کی اور انہیں یادداشت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2014ء میں نئی ریاست تلنگانہ تشکیل پائی ہے۔ وہ ان 6 سال کے دوران جب بھی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے، انہیں تلنگانہ میں 6 نئے ڈومیسٹک ایرپورٹس کی ضرورت سے واقف کرایا ہے جس پر وزیراعظم نے ہمیشہ مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ اس وقت حیدرآباد میں صرف ایک انٹرنیشنل ایرپورٹ ہی ہے۔ مزید 6 ڈومیسٹک ایرپورٹس کے قیام کیلئے تلنگانہ حکومت مسلسل مرکزی حکومت سے نمائندگی کررہی ہے۔ ساتھ ہی وہ سال 2018ء میں ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے صدرنشین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں نئے ایرپورٹس کے قیام سے متعلق تبادلہ خیال کرکے ایک یادداشت پیش کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مستقبل میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ان ایرپورٹس کی سخت ضرورت پڑے گی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے ضلع پداپلی کے بسنت نگر، ورنگل اربن ضلع کے ممنور، عادل آباد، ضلع نظام آباد جکران پلی، ضلع محبوب نگر کے دیورکدرا، ضلع بھدرادری کتہ گڈم میں نئے ڈومیسٹک ایرپورٹس قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا ان تجویز کردہ علاقوں میں (او ایل ایس) سروے سائیل ٹسٹنگ کے ساتھ دوسرے تجربات کئے ہیں۔ ابھی تک ڈرافٹ رپورٹ وصول ہوچکی ہے۔ فائنل رپورٹ کا انتظار ہے۔