کے سی آر کے خلاف مقابلہ کرنے ایٹالہ راجندر کا اعلان

   

مغربی بنگال کے سویندو ادھیکاری کے طرز پر گجویل میں کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔9 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اسمبلی حلقہ گجویل سے مقابلہ کریں گے اور نتائج مغربی بنگال کی طرح دہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس میں گجویل میں ہی شامل ہوئے تھے اور اب اپنی ساری توجہ اسمبلی حلقہ گجویل پر مرکوز کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو شکست دینا وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے سوویندو ادھیکاری کا نتیجہ تلنگانہ میں دہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کانگریس کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین بی جے پی سے رابطہ میں ہے اور بہت جلد بڑے پیمانے پر قائدین بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے جل، جنگل، زمین کا نعرہ دیا تھا جس سے متاثر ہوکر قبائلی طبقہ نے ٹی آر ایس کی تائید کی اقتدار حاصل کرنے پر پوڈو اراضیات سے قبائلیوں کو بیدخل کیا جارہا ہے۔ احتجاج کرنے والی قبائلی خواتین کے ساتھ مارپیٹ کی گئی جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تیزی سے ٹی آر ایس کا گراف گھٹ رہا ہے اور آئندہ ریاست میں بی جے پی حکومت تشکیل دے گی۔ن