کے سی وینوگوپال کو تلنگانہ کی 14 نشستوں پر کامیابی کا یقین

   

متحدہ مہم کا مشورہ، پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس، انتخابی حکمت عملی کو قطعیت

حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے آج رات حیدرآباد میں لوک سبھا چناؤ کی انتخابی حکمت عملی پر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ شام میں حیدرآباد پہنچنے کے بعد وینو گوپال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد میں پارٹی کے تمام امیدوار لوک سبھا حلقہ جات کے انچارجس کے ساتھ اجلاس میں حلقہ واری سطح پر پارٹی کے موقف کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، سنیل کنگولو، اتم کمار ریڈی، کونڈا سریکھا، سرینواس ریڈی، پی سیتکا، راج گوپال ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔ 17 لوک سبھا حلقہ جات میں 14 امیدواروں کا پارٹی نے اعلان کیا ہے اور 3 حلقوں کے ناموں کا اعلان باقی ہے۔ کے سی وینو گوپال نے کہا کہ تلنگانہ کے بارے میں سروے امید افزا ہے اور قائدین کی متحدہ مساعی سے 14 حلقوں میں کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے اسمبلی چناؤ کی طرح بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ سنیل کنگولو نے رپورٹ میں بتایا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ تلنگانہ کی انتخابی مہم میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے حصہ لیں گے۔ قائدین نے سونیا گاندھی کو بھی تلنگانہ میں مہم کی دعوت دی۔ پارٹی امیدواروں سے مہم کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں اور مہم کے بارے میں ضروری ہدایات دی گئیں۔ وینوگوپال کا کہنا تھا کہ بی آر ایس کے ووٹ بھی کانگریس کی طرف منتقل ہونے چاہئے۔ الیکشن میں اصل مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ اجلاس میں کھمم، کریم نگر اور حیدرآباد کے امیدواروں کے بارے میں رائے حاصل کی گئی۔ دامودھر راج نرسمہا، ٹی ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر، مدھو یاشکی گوڑ، عبید اللہ کوتوال بھی اجلاس میں شریک تھے۔ قبل ازیں ایرپورٹ پر پونم پربھاکر، سرینواس ریڈی، ایچ وینوگوپال اور دوسروں نے کے سی وینوگوپال کا استقبال کیا۔