کے ٹی آر سے آدتیہ ٹھاکرے کی ملاقات

,

   

باہمی دلچسپی کے سیاسی اور دیگر امور پر بات چیت
حیدرآباد/11 اپریل ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے نے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے حیدرآباد میں ملاقات کی۔ بی آر ایس کی سرگرمیوں کو دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ مہاراشٹرا میں توسیع دینے کی پالیسی کے تحت یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ بی آر ایس نے ناندیڑ میں دو جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا اور مختلف پارٹیوں کے قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ بی آر ایس قیادت کا ماننا ہے کہ مہاراشٹرا میں سیاسی خلاء ہے اور شیو سینا، این سی پی اور کانگریس حکومت کے زوال کے بعد مستحکم متبادل کی ضرورت ہے۔ شیو سینا کی تقسیم کے باوجود ادھو ٹھاکرے گروپ بہتر نتائج کے بارے میں پُرامید ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آدتیہ ٹھاکرے اور کے ٹی آر کے درمیان ملاقات میں مہاراشٹرا اور ملک کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائدین کی ملاقات ٹی ۔ ھب میں ہوئی اور کے ٹی آر نے آدتیہ ٹھاکرے سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور نئی صنعتوں کے قیام بطور خاص آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کا ذکر کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین نے مہاراشٹرا کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بی آر ایس قیادت نے مہاراشٹرا میں ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے ساتھ 2024 عام انتخابات میں مفاہمت کا اشارہ دیا ہے۔ اس پس منظر میں یہ ملاقات ہم خیال جماعتوں کے قائدین کی تصور کی جارہی ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹر پر کے ٹی آر سے ملاقات کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کے ٹی آر سے ملاقات ہمیشہ حوصلہ افزاء اور شاندار رہی ہے۔ باہمی دلچسپی کے مسائل اور ٹکنالوجی و شہری ترقی کے علاوہ ہندوستان کی ترقی پر بات چیت رہی۔ انہوں نے ٹی۔ ھب کے دورہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ اسٹارٹ اَپ اور دیگر شعبہ جات میں ترقی کا مشاہدہ متاثر کن رہا۔ر