کے ٹی آر کی آج کویتا سے دہلی میں ملاقات

   

دیگر ملازمین کے واٹس اپ چیاٹ کی بنیاد پر پوچھ تاچھ جاری
حیدرآباد ۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر اپنی بہن بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے ملاقات کرنے اتوار کو دہلی روانہ ہوں گے۔ دہلی شراب اسکام میں گرفتار کویتا فی الحال سی بی آئی کی تحویل میں ہے۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے تہاڑجیل میں محروس کویتا کو مزید پوچھ تاچھ کیلئے 15 اپریل تک کویتا کو سی بی آئی کی تحویل میں دیا ہے۔ سی بی آئی کے ہیڈکوارٹر دہلی میں کویتا سے ملاقات کرنے عدالت نے کویتا کے وکلاء اور ارکان خاندان کو شام 6 تا 7 بجے ایک گھنٹہ کا وقت دیا ہے۔ اس لئے کے ٹی آر اتوار کو دہلی جارہے ہیں اور شام 6 بجے کویتا سے ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب کویتا کو تحویل میں لینے والی سی بی آئی، دہلی شراب اسکام میں گرفتار کویتا کے پی اے بچی بابو کے علاوہ دوسرے ملزمین کے قلمبند کرائے بیانات اوران کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے علاوہ ایم ایل سی کے کویتا اور دوسرے ملزمین کے درمیان ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت اور واٹس اپ چیاٹنگ کی بنیاد پر ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ سی بی آئی عہدیداروں نے دہلی کی روس ایونیو عدالت کو بتایا کہ ایم ایل سی کے کویتا پوچھ تاچھ میں تعاون نہیں کررہی ہیں جبکہ انہوں نے دہلی شراب اسکام میں ماسٹرمائنڈ سے دہلی شراب پالیسی کی تیاری میں اہم رول ادا کیا ہے اور کئی مرتبہ انہوں نے دہلی کا دورہ کرتے ہوئے اور مختلف اہم و سیاسی شخصیتوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔2