گانجہ کی اسمگلنگ کا ریاکٹ ،بے نقاب، دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کی انفورسمنٹ ٹیم نے شہر میں گانجے کی اسمگلنگ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے ممنوعہ منشیات برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گانجہ کی اسمگلنگ موز کی پھنی میں رکھتے ہوئے کی جارہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ آبکاری کے اکسائز انفورسمنٹ کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک ٹاٹا ایس گاڑی میں جس میں کچے موز کی پھنیاں منتقل کی جارہی ہیں جس میں گانجہ چھپاکر لیجایا جارہا تھا۔ آبکاری عہدیداروں نے اِس کارروائی میں گانجہ کے اسمگلر جمعرات بازار کے ساکن دیپک عرف دیپو اور ٹاٹا ایس گاڑی کے ڈرائیور سنتوش سنگھ کو حراست میں لے لیا اور گاڑی کی تلاشی لینے پر 55 کیلو گانجہ برآمد ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ دیپک نے مغربی گوداوری سے تعلق رکھنے والے عرفان شیخ سے گانجہ خرید کر اُسے موز کی پھنیوں میں چھپاکر شہر منتقل کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیپک دھول پیٹ سے تعلق رکھنے والے مکیش سنگھ، دتاتریہ نگر آصف نگر کے راجہ سنگھ، یتیم خانہ علاقہ کے راجو اور جمعرات بازار کے ساکن بھیم کو یہ گانجہ فراہم کیا کرتا تھا۔ گرفتار افراد کے قبضہ سے ممنوعہ گانجہ ضبط کرلیا گیا اور اُنھیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔