گانجہ کے ذخیرہ کا ریاکٹ بے نقاب

   

4 افراد گرفتار، 72 کیلو گانجہ ضبط، ڈی سی پی جی چکراورتی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی نارکوٹیک انفورسمنٹ وینگ نے منگل ہاٹ پولیس کے مطابق مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 72 کیلو گانجہ و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارکوٹک انفورسمنٹ ووینگ جی چکراورتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 32 سالہ آکاش سنگھ ساکن دھول پیٹ، 43 سالہ آر نرسمہا ساکن سوچترا، 42 سالہ نیرج پرساد تیوارن ساکن دھول پیٹ اور 40 سالہ شیخ سبحانی ساکن کھمم کو گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی چکراورتی نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ آکاش سنگھ سابق میں بھی ایسے کئی واقعات میں ملوث ہے جو سال 2018 سے گانجہ کا کاروبار کررہا ہے۔ شیخ سبحانی کی مدد سے آکاش سنگھ گانجہ شہر منتقل کررہا تھا۔ سال 2021 میں آکاش سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا اور جیل سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ گانجہ کا کاروبار شروع کردیا۔ اس نے شیخ سبحانی کی مدد سے گانجہ شہر منتقل کرنے کے بعد نرسمہا اور نیرج پرساد تیواری کی مدد سے اس گانجہ کو فروخت کررہا تھا۔ اس نے کاٹے دھان علاقہ میں ایک مکان خریدا اور اس گانجہ کو اس مکان میں محفوظ رکھ دیا تاکہ شہر میں پولیس کی تلاش اور پولیس کی نظر سے بچایا جاسکے۔ تاہم نارکو ٹیک انفورسمنٹ وینگ نے ایک اطلاع پر منگل ہاٹ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ گانجہ کے علاوہ وہ کار و دیگر 25 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ع