ٹوکیو کے فریڈم پلازہ میں مجسمہ کی نقاب کشائی ‘ تقریب سے خطاب
ٹوکیو : وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو کہا کہ موجودہ وقت میں جغرافیائی سیاسی تنازعات اور تناؤ کے پیش نظر مہاتما گاندھی کا وہ پیغام جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حل جنگ کے میدان سے نہیں آتے اور کوئی بھی دورجنگ کا دورنہیں ہونا چاہیے آج کے حالات سے اتنا ہی مطابقت رکھتا ہے ، جیسا اس وقت تھا۔جے شنکر نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایڈوگاوا کے فریڈم پلازہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کے پیغامات لازوال ہیں۔ میں آج کہوں گا کہ ایسے وقت میں جب ہم دنیا میں اتنا تصادم، اتنا تناؤ، اتنا پولرائزیشن، اتنی خونریزی دیکھ رہے ہیں، گاندھی جی کا پیغام بہت اہم ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حل میدان جنگ سے نہیں نکلتے ۔ کوئی بھی دور ہو جنگ کا دور نہیں ہونا چاہیے ۔ یہ پیغام آج بھی اتنا ہی متعلقہ ہے جتنا 80 سال پہلے تھا۔گاندھی جی کو پائیدار ترقی کے اصل پیغمبر کے طور پر بیان کرتے ہوئے وزیر خارجہ ہند جے شنکر نے کہا کہ پائیدار آب و ہوا سے محبت، سبز ترقی، سبز پالیسیوں کے لحاظ سے ، گاندھی جی پائیدار ترقی کے اصل پیغمبر تھے ۔ وہ فطرت سے ہم آہنگ رہنے کے سب سے بڑے حامی تھے ۔ اس لیے گاندھی جی کا پیغام صرف حکومتوں کیلئے نہیں ہے بلکہ ہر کسی کو اسے اپنے طرز زندگی میں اپنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہمہاتما گاندھی کے کارنامے اپنے وقت سے بہت آگے تھے ۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔ قبل ازیں، ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر کہا کہوزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر دو روزہ دورے پر جاپان پہنچے اور سفیر سبی جارج نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ لاؤس کے وینٹیانے سے ٹوکیو پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) سے متعلق کئی اجلاسوں میں شرکت کی اور کئی وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ٹوکیو میں وزیر خارجہ پیر کو کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ اتوار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کا پروگرام ہے ۔