گاندھی جی کی توہین کے خلاف بی وینکٹ کی سائبر پولیس سے شکایت

   

حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس ایم ایل سی بی وینکٹ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خلاف غیر پارلیمانی ریمارکس پر فلم اسٹار سریکانت اینگر کے خلاف سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کی۔ فلم اسٹار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی وینکٹ نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے روح رواں گاندھی جی کے خلاف فلم اسٹار سریکانت کے غیر پارلیمانی ریمارکس سے ملک کی عوام و کانگریس کارکنوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس پر تلگو فلم انڈسٹری کے اہم شخصیتوں کو اپنا ردعمل ظاہر کرنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر سریکانت اینگر نے گاندھی کے خلاف الزامات عائد کرکے سوشل میڈیا میں ویڈیو ریلیز کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی وجہ سے ہندوستان کو آزادی نہیں ملی بلکہ سبھاش چندربوس، بھگت سنگھ جیسے مجاہدین کی قربانیوں سے ہندوستان کو آزادی ملی تھی لیکن اس کا سارا سہرا گاندھی جی کے سر باندھا جارہا تھا جس کی کانگریس مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبھاش چندر بوس اور بھگت سنگھ کا بھی احترام کرتے ہیں ۔2