گاڑیوں کی تنقیح کے نام پر بھاری رقومات کی وصولی

   

محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارروائی کے خلاف ، پرائیویٹ ٹورسٹ بس آپریٹرس کا الزام
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگسٹ ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں غیرقانونی طور پر چلائی جانے والی پرائیویٹ ٹورسٹ بسوں کے خلاف ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ اپنی کارکردگی کا اظہار کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ لیکن یہ صرف پرائیویٹ ٹورسٹ بس آپریٹرس کو ہراساں کر کے رقومات ہڑپنے کے سوا کوئی اور اقدامات ثابت نہیں ہوئے ۔ اس بات کا خود پرائیویٹ ٹورسٹ بس آپریٹرس نے اظہار کیا ۔ اور بتایا کہ ڈپٹی کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ محض بھاری رقومات کی وصولی کیلئے ہی اپنے ماتحت عہدیداروں کی نگرانی میں گاڑیوں کی تنقیح کے نام پر ہراسانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے رہتے ہیں ۔ اسی دوران ڈپٹی کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر پاپا راؤ کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ غیرقانونی طور پر چلائے جانے والے پرائیویٹ ٹورسٹ بسیں حکومت کو ٹیکس ادا کئے بغیر چلانے کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی تنقیح کے سلسلہ کو جاری رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے گزشتہ دن اچانک بڑے پیمانے پر ریاست کے مختلف مقامات پر اچانک گاڑیوں کی چیکنگ کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ بالخصوص حیدرآباد تا وجئے واڑہ شاہراہ اور حیدرآباد تا بنگلور شاہراہ سے گزرنے والی پرائیویٹ ٹراویلس کی ٹورسٹ بسوں کو ہی نشانہ بنایا گیا اور اس تنقیح کے دوران زائداز دو سو ٹورسٹ بس کی چیکنگ کی گئی اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جانے والی (44) بسوں کے خلاف کیس درج کئے گئے اور اس اچانک تنقیح کے ذریعہ مختلف گاڑیوں پر جرمانے عائد کر کے (22) لاکھ سے زائد رقومات وصول کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ آمدنی وصول ہونے کیلئے ہی غیرقانونی طور پر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جانے والی گاڑیوں ( ٹورسٹ بسوں ) کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور حکومت کو ٹیکس ادا کئے بغیر چلائی جانے والی پرائیویٹ ٹورسٹ بسوں پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے ان گاڑیوں کے مالکین کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر پاپا راؤ نے زید بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام علاقوں میں روڈ سیفٹی کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر کانفرنسوں و سمیناروں وغیرہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ہر ایک سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے قوانین اور شاہراہوں کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی پرزور خواہش کی ۔