گاڑیوں کے نمبر پلیٹ میں چھیڑ چھاڑ پر پولیس کی سخت کارروائی

   

مختلف طریقوں سے نمبر چھپانے کی کوششوں کے خلاف عوام کو انتباہ
حیدرآباد، 30 اگست (یو این آئی) تلنگانہ بھر میں پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی سخت کر دی ہے ۔ ہیلمٹ نہ پہننے یا تیز رفتار گاڑی چلانے والوں پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ ان جرمانوں سے بچنے کچھ افراد نمبر پلیٹ سے ایک ہندسہ ہٹا کر یا اس پر سیاسی جماعتوں، لیڈروں کے نام اور نعرے لکھوا کر گاڑیاں چلا رہے ہیں لیکن پولیس کے جال میں پھنسنے کے بعد وہ کوئی جواب نہیں دے پا رہے ۔ کچھ ڈرائیور نمبر پلیٹ صاف نظر نہ آئے اس کیلئے اس پر کاغذ چپکا دیتے ہیں یا مٹی لگا دیتے ہیں تاکہ کیمرے میں نمبر صاف نہ دکھے اور جرمانہ نہ ہو۔کچھ لوگ جان بوجھ کر گاڑی چلاتے وقت اپنا پاؤں یا ہاتھ نمبر پلیٹ کے آگے کر لیتے ہیں جس سے نمبر نظر نہیں آتا۔ اس دوران توازن بگڑنے سے حادثات بھی ہو رہے ہیں۔ کچھ لوگ چھ ہندسوں والے نمبر میں آدھا نمبر کاغذ سے ڈھانپ دیتے ہیں تاکہ شناخت نہ ہو سکے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان طریقوں کو استعمال کرنے والوں میں سماج دشمن عناصر بھی شامل ہو سکتے ہیں ۔حیدرآباد سے مسروقہ گاڑیوں کو بانسواڑہ میں بیچا گیا ۔گاڑیاں خریدنے والے افراد دھوکے کا شکار ہوئے ۔ پولیس نے تلاشی کے دوران یہ گاڑیاں پکڑ کر تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ وہ حیدرآباد اور دیگر شہروں سے مسروقہ ہیں۔ اب تک تقریباً دس گاڑیاں حیدرآباد پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔