گجرات میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کی تیاری

   

کابینہ کا فیصلہ ۔ انتخابات سے قبل کا شعبدہ ۔ کانگریس
احمدآباد: گجرات کی کابینہ نے آج ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز کو منظور کیا ہے جو اترکھنڈ کی طرز پر ایک سبکدوش ہائیکورٹ جج کی زیر قیادت کام کرے گی اور ریاست میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے تمام امکانات و پہلووں کا جائزہ لے گی ۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر گجرات بھوپیندر پٹیل کی قیادت میں ایک تاریخی فیصلہ آج کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کے تحت ریاست میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ گجرات میں جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ گجرات کابینہ کے فیصلے پر رد عمل میں کانگریس نے کہا کہ عوام بی جے پی حکومت کی جانب سے یکساں سیول کوڈ پر کمیٹی تشکیل دئے جانے کے ہتھکنڈے کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ گجرات کانگریس کے لیڈر ارجن مودھ واڈیا نے کہا کہ یہ در اصل اسمبلی انتخابات سے قبل ایک ہتھکنڈہ ہے اور ریاستی مقننہ کو اس طرح کے قوانین بنانے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ در اصل اسمبلی انتخابات سے قبل عوام کو گمراہ کرنے کا ایک ہتھکنڈہ ہے ۔ ریاست کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے جو افراط زر ‘ مہنگائی اور بیروزگاری کے علاوہ کئی اور مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کا اختیار مرکز کو ہے ۔ پرسنل لا کو پارلیمنٹ میں منظوری ملی ہوئی ہے اور گجرات اسمبلی کو اس قانون کے بنانے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ جاریہ سال مئی کے مہینے میں اترکھنڈ حکومت نے بھی ریاست میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے فیصلہ کیا تھا ۔ مئی ہی میں ہماچل پردیش چیف منسٹر نے بھی ریاست میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا ۔