گجرات میں 12 سالہ ’’سگریٹ بابا‘‘ کا ویڈیو وائرل

   

عوام میں غم و غصہ ، بچہ سے دعائیں لینے کا منظر، معاشرتی بے حس بے نقاب
حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) گجرات کے موریبی علاقہ میں ایک کم عمر بچہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔ ویڈیو میں ایک تقریباً 12 سالہ لڑکا جسے لوگ ’’سگریٹ بابا‘‘ کہہ رہے ہیں، سرے عام سگریٹ پیتا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ اس کے ارد گرد لوگوں کا ہجوم جمع ہے۔ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ کچھ افراد نہ صرف بچہ کو سگریٹ فراہم کر رہے ہیں بلکہ اس پر پیسے بھی نچھاور کر رہے ہیں اور اس سے دعائیں بھی لے رہے ہیں جس پر سوشیل میڈیا صارفین نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عوام نے سوال اٹھایا کہ موقع پر موجود بالغ افراد نے اس صورتحال کو روکنے کے بجائے اسے کیوں بڑھاوا دے رہے ہیں؟ یہ ویڈیو مختلف سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے جس کے بعد بچہ کی صحت اور اس کے مستقبل کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کئی صارفین نے اس واقعہ کو معاشرتی بے حسی کی مثال قرار دیا جبکہ کچھ نے نابالغوں سے سگریٹ نوشی کو فروغ دینے کے خطرناک رجحان پر روشنی ڈالی۔ کم عمری میں سگریٹ نوشی نہ صرف نشہ کی لت کا سبب بنتی ہے بلکہ پھیپھڑوں اور دل کی بیماریوں کے خطرات کو بڑھادیتی ہے۔ ایسے واقعات بچوں کی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اور اس کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ قانونی طور پر بھی ملک میں سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کے قانون (COTPA) کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد کو تمباکو کی فروخت پر پابندی ہے۔ تاہم اس واقعہ نے قانون کے نفاذ پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشرہ میں ذمہ داری اور شعور کی کمی کس طرح بچوں کو خطرناک راستوں پر ڈال سکتی ہے اور اس کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔2/k/m/b