گجرات میں 500 دلت ‘بدھسٹ بن گئے

   

گاندھی نگر ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 63 سال قبل 14 اکٹوبر 1956ء کو وجئے دشمی کے موقع پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے اپنا مذہب تبدیل کرتے ہوئے مہاراشٹرا میں اپنے لاکھوں حامیوں کے ساتھ بدھ مت قبول کیا تھا، جس کا کافی شہرہ ہوا۔ گذشتہ روز احمدآباد کے رکھیال علاقہ میں چھوٹے پیمانے پر ہی سہی لیکن ڈاکٹر امبیڈکر کے تبدیلی مذہب والے اقدام کی یاد تازہ کی گئی۔ گجرات کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 500 دلتوں نے اضلاع احمدآباد، مہسانہ اور سابرکنٹھ میں منعقدہ تین علحدہ پروگراموں میں بدھ مت اختیار کرلیا۔ ان میں سے کئی افراد کٹر ہندومت پر عمل پیرا خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے۔ ایک دلت نے بتایا کہ یہ تمام افراد ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات کے زیراثر اور سماجی و ثقافتی انقلاب کے تحت بدھسٹ بن گئے ہیں۔