گردہ کے مریضوں کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت ‘ احکام جاری

   

حیدرآباد۔ 17 فروری (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے آروگیہ سری ہیلتھ اسکیم کے تحت احاطہ کئے جانے والے گردہ کے 7600 مریضوں اور ڈیالائسیس پر رکھے جانے والے افراد کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کی ہے۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق ڈیالائسیس پر رکھے جانے والے افراد اور گردہ کے دیگر مریضوں کو اضلاع میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) پلیویلوگو کے علاوہ حیدرآباد اور ورنگل میں تمام میٹرو ایکسپریس اور میٹرو ڈیلکس بسوں میں اب مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق گردہ کے مریضوں کو اس سہولت کی فراہمی کے عوض ریاستی حکومت کی طرف سے ٹی ایس آر ٹی سی کو سالانہ 12.22 کروڑ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سشیل شرما ان سرکاری احکام پر عمل آوری کیلئے تمام ڈپوز کی ہدایات جاری کرچکے ہیں۔