گرمیت رام رحیم کیخلاف سماعت کی راہ ہموار

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کے خلاف 2015 میں گرو گرنتھ صاحب کی توہین سے متعلق مقدمات کی سماعت کا راستہ صاف کر دیا۔ دو رکنی بنچ نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی طرف سے لگائے گئے ان مقدمات کی سماعت پر روک اٹھا لی اور رام رحیم سے اپنا جواب داخل کرنے کو کہا۔ عدالت عظمیٰ نے یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی درخواست پر لیا اور چار ہفتوں کے بعد اس کیس کی سماعت کرے گی۔ ایڈووکیٹ جنرل گرومندر سنگھ نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو کالعدم کرنے کی درخواست کی جس کے تحت پنجاب کے فرید کوٹ کے باجخانہ پولیس اسٹیشن میں درج تین مقدمات کی سماعت روک دی گئی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تینوں مقدمات کی تحقیقات کی ضرورت ہے اور رام رحیم کو نوٹس جاری کیا۔