گرمی کی شدت میں اضافہ ‘ اضلاع میں درجہ حرارت44ڈگری

   

حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جاری ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں ریکارڈ کیا جانے والے اضافہ کے ساتھ گرم ہوائیں بھی ریکارڈ کی جانے لگی ہیں ۔ریاست تلنگانہ کے بیشتر سرحدی اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ کتہ گوڑم ‘ کھمم کے علاوہ دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 44ڈگری سے تجاوز کرجانے کے بعد شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 39اور 40ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرار ت میں مزید 2تا3 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے جس کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ گرمی کی شدت اور لو لگنے کے واقعات کے خدشات کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیا رکرنے کے لئے انتباہ جاری کیا جاچکا ہے۔ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ مہاراشٹرا کے علاقہ مرہٹواڑہ میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں موسم بلکل خشک ہے جبکہ جنوبی کرناٹک میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںنے جنوبی ہند کی ریاستوں میں جاریہ ہفتہ کے دوران موسم میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گرمی میں اضافہ کا سلسلہ جاری رہے گا‘ آئندہ ہفتہ موسمی تبدیلی ریکارڈ کی جائے گی۔م