گروپ IV کی 9000 سے زائد جائیدادوں پر تقررات کیلئے تیاریاں

,

   

چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پبلک سرویس کمیشن کو جائیدادوں کی تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں گروپ IV جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹریز ، پرنسپل سکریٹریز اور تمام محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گروپ IV کیڈر کے تحت 9168 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ حکومت نے صدارتی حکمنامہ 2018 ء کے تحت نہ صرف ریاست کے عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے بلکہ حکومت کی کارکردگی میں اصلاحات متعارف کی گئی ۔ صدارتی حکمنامہ کے تحت 95 فیصد جائیدادیں مقامی امیدواروں کیلئے محفوظ کردی گئی ہے۔ حکومت نے حال ہی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا ہے۔ گروپ I کی 503 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ محکمہ پولیس میں تقررات کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ تعلیم میں تقررات کی منظوری دے دی گئی۔ چیف سکریٹری کے مطابق ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ کے لئے اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 29 مئی تک تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو اپنے محکمہ جات کی جائیدادوں کے سلسلہ میں تمام تر تفصیلات حوالے کریں جن میں روسٹر سسٹم کی جائیدادوں کی تفصیل شامل ہو۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ تمام جونیئر اسسٹنٹ اور اس کے مماثل جائیدادوں کو شامل کیا جائے اور انہیں راست تقررات کیلئے نوٹیفائیڈ کیا جائے۔ سینئر اسسٹنٹ اور سپرنٹنڈنٹ کیڈر میں ترقی سے متعلق جائیدادوں کو پر کیا جائے۔ تمام ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس شخصی دلچسپی لے کر اس کام کو انجام دیں تاکہ تقررات کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی اور محکمہ فینانس کو جی او کی اجرائی میں سہولت ہو۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مخلوعہ جائیدادوں کا اعلامیہ جاری ہوگا۔اجلاس میں صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن جناردھن ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری ہاؤزنگ سنیل شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری اریگیشن رجت کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری آدھر سنہا ، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو انجنی کمار ، سینئر کنسلٹنٹ شیو شنکر ، سکریٹری پبلک سرویس کمیشن انیتا راجندر، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے انسپکٹر جنرل شیشادری ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رونالڈ راس، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ دوبریال اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر